Home » مصارف پیدائش اہم مختصرسوالات(Short Questions)
انٹر میڈیٹ پارٹ-I

مصارف پیدائش اہم مختصرسوالات(Short Questions)

س:           مصارف پیدائش سے کیا مرادہے؟

ج:            مصارف پیدائش سے مراد وہ تمام اخراجات ہیں جو ایک فرم کو کسی شے کی ایک مخصوص مقدار پیدا کرنے کےلیے برداشت کرنے پڑتے ہیں۔

س:           عرصہ قلیل سے کیا مرا دہے؟

ج:            عرصہ قلیل سے مراد ایسا عرصہ ہے  جس میں قیمت یا طلب بڑھنے پر رسد کو صرف اس حد تک بڑھایا جا سکتا ہےجس حد تک چیزیں ذخیرہ میں موجود ہوں یا کارخانے میں زائد شفٹ لگا کرپیدا کیا جا سکیں۔ اس عرصے میں فرم اپنا سائز تبدیل نہیں کر سکتی ۔

س:           عرصہ طویل سے کیا مرا دہے؟

ج:            عرصہ طویل  سے مراد ایسا عرصہ ہے  جس میں فرم اپنا سائز تبدیل کر کے اپنی رسد میں لامحدود حد تک کمی یا اضافہ کر سکتی ہے۔طلب میں اضافے کی صورت میں نئے کارخانے لگائے جا سکتے ہیں اورطلب کم ہونے کی صورت میں کارخانے بند کیے جاسکتے ہیں۔

س:           معین مصارف کا مفہوم بیان کریں ۔

ج:            معین مصارف سے مراد ایسے مصارف ہیں جو فرم کو ہر حال میں برداشت کرنے پڑتے ہیں چاہے فرم کا کاروبار بند پڑا ہو یا کاروبار وسیع یا محدود پیمانے پر چل رہا ہو۔مثلا عمارت کا کرایہ ، بجلی ،چوکیدار کی تنخواہ وغیرہ۔

س:           متغیرہ مصارف سے کیا مراد ہے ؟

ج:            ایسے مصارف جو پیداوار کی کمی بیشی کے ساتھ تبدیل ہوتے رہتے ہیں۔ان کا انحصار اشیا ء کی پیداوار پر ہوتا ہے اور کاروبار بند ہونے کی صورت میں انھیں برداشت نہیں کرنا پڑتا۔مثلاخام مال کی قیمت ، عارضی ملازمین کی تنخواہیں وغیرہ۔

س:           کل مصارف سے کیا مراد ہے ؟

ج:            کل مصارف سے مراد ایسے اخراجات ہیں جو کسی فرم کو شے کی ایک خاص مقدار پیداکرنے کے لیے برداشت کرنے پڑتے ہیں۔ مثلا زمین کی قیمت ، عمارت کا کرایہ، بجلی کے بل وغیرہ۔

س:           اوسط لاگت/ مصارف سے کیا مراد ہے؟

ج:            پیداوار کی فی اکائی اخراجات کو اوسط مصارف کہتے ہیں  ۔ اگر کل مصارف کو کل پیدا شدہ اکائیوں پر تقسیم کر دیا جائے تو اوسط مصارف حاصل ہو جاتے ہیں۔

س:           اوسط معین مصارف سے کیا مراد ہے؟

ج:            اگر معین مصارف کو کل پیدا شدہ اکائیوں پر تقسیم کر دیا جائے تو اوسط معین مصارف  حاصل ہو جاتے ہیں۔

س:           اوسط متغیر مصارف سے کیا مراد ہے؟

ج:            اگر متغیر مصارف کو کل پیدا شدہ اکائیوں پر تقسیم کر دیا جائے تو اوسط متغیر مصارف  حاصل ہو جاتے ہیں۔

س:           مختتم مصارف سے کیا مراد ہے؟

ج:            کسی شے کی ایک اضافی اکائی پیدا کرنے کےلیے فرم کو جو اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں اسے مختتم مصارف کہا جاتا ہے۔

س:           عرصہ طویل کے اوسط مصارف کا خط لفافی خط/خط ملفوفی کیوں کہلاتا ہے؟

ج:            عرصہ طویل میں اوسط مصارف کے  گرنے  اور بڑھنے کی کم رفتار کی وجہ سے یہ طشتری نما ہو جاتاہے ۔ اور قلیل عرصہ کے خطوط کو اپنے اند لپیٹنے کی وجہ سے ملفوفی نظر آتاہے۔

س:           متبادل مصارف سے کیا مراد ہے ؟

ج:            متبادل مصارف سے مراد زر کی صورت میں وہ رقم لی جاتی ہےجو کسی عامل پیدائش کو متبادل استعما ل سے ہٹاکر کسی خاص استعمال کی طرف راغب کرنے کے لیے ادا کی جاتی ہے۔

 

Follow Us on Facebook

Advertisement